دو جنگہ کی فضا میں عجب جادوئی کشش اور پر اسراریت ہے

دو جنگہ کی فضا میں عجب جادوئی کشش اور پر اسراریت ہے

دو جنگہ خوبصورت اور خوب رو وادی کمراٹ کے اندر ایک اور حسین و جمیل چھوٹی وادی کی مانند ہے مگر ہے وادی کمراٹ کا حصہ۔ آبشار اور کالا پانی چشمہ کے اور آگے ایک جنت نظیر ایک بہشت بریں ہے جہاں پر ہم ایک مشکل اوبڑ کھابڑ راستے سے گزرتے ہوئے ہچکولے کھاتے ہوئے پہنچے جیپ کو دریا کنارے ایک گھاٹی پر کھڑا کیا اور ایک بہت بڑے درخت کے دریا پر گر کر بننے والے پل سے دریاۓ پنجکوڑہ کو کراس کیا اور دوسرے پار جا کر براجمان ہو گیے۔کیا رومانٹک جگہ تھی

خاموشی ایسی کہ خود اس کی اپنی صدا کانوں میں رس گھولے۔ سناٹا ایسا کہ ۔۔۔۔۔۔اس کی گونج میں ایک پیغام ہو ایک چاشنی ہو ہر طرف چیڑ دیار اور پڑتل کے کالے سیاہ درختوں کے جھنڈ کسی معشوق کے گیسوئے دراز کی چھاوں کی مانند جن میں ٹھنڈک اور سکوں کا عجب نشہ تھا۔ یوں لگا کہ قدرت خود اپنے بال پھیلائے اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ اپنے یہاں آنے والوں کو خوش آمدید کہ رہی ہے چاروں اور پہاڑوں کی اونچی دیواریں۔ سر سبز درختوں کے جھنڈ قطار اندر قطار دست بستہ ہاتھ باندھے تکریم و تعظیم کا درس دے رہے ہوں یوں لگا ابھی حکم ہو گا ابھی سلیوٹ کریں گے۔ دریا کے پانی کی روانی ایسی موسیقیت کہ سرور اور نغمگی کے جلترنگ بج رہے ہوں۔

فضا میں ایسا خمار کہ مدہوش کئے جاۓ۔ ہوا کی روانگی میں ایک خاص ترنم ہو۔ یہاں پھولوں کے کھلنے اور کلیوں کے چٹخنے کی صدائیں اپنی ایک الگ داستان سنا رہی ہوں۔ یقین ہی نہیں آ رہا تھا کہ اس دنیا میں ایسی جگہ ایسا خطہ ایسی جنت بھی ہو سکتی ہے۔خواب کا سا گھمان لگ رہا تھ۔ میں نے اپنی انگلی اپنے دانتوں کے نیچے دبای۔ پھر اور زور سے دبائ کہ یہ میں خواب تو نہیں دیکھ رہا۔ مگر یہ تو ایک حقیقت ہے ایک خوابیدہ حقیقت ،اک راز۔ اک پوشیدہ رازایک ایسے پھول کی خوشبو جس کی شکل رنگ اور جسم پوشیدہ ہو مگر فضا اس کی خوشبو سے معطر ہو۔ ایک ایسا ذائقہ کہ جس کو اس دنیا میں نہ کبھی کسی نے چکھا اور نہ محسوس کیا ہو۔ ایک ایسی شراب جو بن پئے چڑھ جاۓ مستی و سرور ایسا کہ من مچل مچل جاۓ

یہ ہے میرا وطن ،یہ ہے میری دھرتی ،یہ ہیں میری وادیاں ،سلامتی ہو تم پر ،سدا سلامتی رہے تم پر ،ہم نے یہاں پڑاو کا فیصلہ کیا

 

آپ یہ صفحات بھی دیکھنا پسند کریں گے ۔ ۔ ۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.